بھٹکل یکم اکتوبر(ایس او نیوز) یہاں مدینہ کالونی کے محی الدین اسٹریٹ پر واقع سڑک کی خستہ حالی کو دیکھتے ہوئے علاقہ کے نوجوانوں نے ہی بالاخر روڈ کو درست کرنے کا منصوبہ بنایا اور سمینٹ، ریتی وغیرہ کا انتظام کرتے ہوئے پوری رات سڑک کی مرمت کرتے ہوئے گذاردی۔
علاقہ کی ینگ اسٹار ویلفئیر آرگنائزیشن کے جنرل سکریٹری ظہیر شیخ کے مطابق انہوں نے روڈ کی خستہ حالی کو لے کر کئی مرتبہ پنچایت سے شکایت کی، مگر اُن کی شکایت پر کوئی کاروائی نہیں ہوئی، روڈ پرجابجا گڈھے پڑنے کی وجہ سے لوگ بائک سمیت گرنے کی وارداتیں پیش آرہی تھی، تازہ واردات میں بائک سوار سمیت پچھلی سیٹ پر سوار خاتون کو بھی کافی چوٹیں آئیں، جس کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ اپنے اسپورٹس سینٹر کے نوجوانوں کے ذریعے ہی روڈ کی مرمت کی جائے۔
ینگ اسٹار کے سرگرم رکن عاکف گوائی نے بتایا کہ رات نو بجے کام شروع کیا گیا اور قریب تین بجے تک نوجوانوں نے ہی تمام گڈھوں کو بھرنے کا کام مکمل کیا۔ اس موقع پر سوشیل سکریٹری سُہیل سمیت ینگ اسٹارکے کھلاڑی اور دیگر کافی ممبران موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پنچایت اور دیگر حکام اگر عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لئے آگے نہیں آتے ہیں تو پھر علاقہ کے اسپورٹس سینٹروں کے ممبران اور نوجوانوں کو ہی آگے بڑھ کر کام کرنا ہوگا ۔